گورنر سندھ کی گرینڈ سلیم یوتھ تائیکوانڈو لیگ میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں سے ملاقات
کراچی : گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے گرینڈ سلیم یوتھ تائیکوانڈو لیگ 2026 میں 3 سونے اور 2 کانسی کے تمغے جیتنے والے کھلاڑیوں نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران گورنر سندھ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان ایتھلیٹس کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں قومی سرمایہ قرار دیا۔
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوان کھیلوں کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں اور عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے والے یہ کھلاڑی پوری قوم کے لیے باعثِ مسرت اور قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوان کھلاڑیوں کو مختلف سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ آگے بڑھ سکیں۔ گورنر سندھ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ‘وزیرِ اعظم ڈیجیٹل یوتھ ہب’ ڈاؤن لوڈ کر کے وہاں دستیاب سہولیات اور مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
تائیکوانڈو ٹیم کے کوچ نے گورنر سندھ کو بتایا کہ پاکستانی تائیکوانڈو کھلاڑی اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے کی غرض سے سخت محنت کر رہے ہیں۔ گورنر سندھ نے کھیلوں کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کی سرپرستی کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
گورنر ہاؤس میں ملاقات کرنے والے اس وفد میں تائیکوانڈو کے کھلاڑی وجاہت علی خان، ارحم منافع، ایان معراج اور تیر اندازی (آرچری) کی کھلاڑی کرن گجر شامل تھیں۔
