کراچی: کمشنر سید حسن نقوی کا ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کا حکم
کراچی : کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر کورنگی کے دفتر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع کے تمام ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشنز، کے ڈی اے، کے ایم سی اور واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کورنگی ڈاکٹر مسعود بھٹو، ڈائریکٹر ترقیات و منصوبہ بندی کمشنر کراچی آفس نسیم بھٹو، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ٹاؤنز کے میونسپل کمشنرز اور متعلقہ اداروں کے چیف انجینئرز نے شرکت کی اور اپنے اپنے محکموں کے تحت جاری اسکیموں پر کام کی رفتار کی تفصیلات سے کمشنر کو آگاہ کیا۔
اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے اور انہیں مقررہ وقت پر مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمشنر کراچی نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ہر ماہ متعلقہ اداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کریں جبکہ کورنگی سمیت تمام اضلاع کے اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے سب ڈویژن میں جاری منصوبوں پر کام کا خود معائنہ کریں گے۔ اس بات کا فیصلہ بھی کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنرز ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور اسکیموں کو بروقت مکمل کرنے میں بلدیاتی اداروں کی بھرپور مدد کریں گے تاکہ کام کے مطلوبہ معیار، شفافیت اور تمام قانونی تقاضوں کو پورا کیا جا سکے۔ تمام ڈپٹی کمشنرز کو یہ ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے کہ وہ اپنے اضلاع میں جاری و مکمل شدہ اسکیموں، ترقیاتی فنڈز کے اخراجات اور مالیاتی بجٹنگ کے فنی پہلوؤں کو لازمی مدنظر رکھیں۔
اجلاس کے دوران تمام ٹاؤنز کی پراپرٹی ٹیکس وصولی کی کارکردگی کا بھی گہرائی سے جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ کے دوران حکام نے بتایا کہ شاہ فیصل ٹاؤن میں 220 ملین روپے کے مقررہ پراپرٹی ٹیکس ہدف کے مقابلے میں اب تک صرف 108 ملین روپے وصول کیے جا سکے ہیں، جو کہ کل ہدف کے 50 فیصد سے بھی کم ہے۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ٹیکس کی اس کم وصولی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کو سخت ہدایت کی کہ وہ پراپرٹی ٹیکس کی ریکوری کو بہتر بنانے میں ٹاؤنز کی ہر ممکن مدد فراہم کریں۔ انہوں نے مزید تاکید کی کہ ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ اس اقدام سے ٹاؤنز کی مالی ضروریاتِ پوری ہوں گی اور بلدیاتی وسائل میں اضافہ کرنے کی حکومتی کوششوں کو کامیابی ملے گی۔1
