صحت کے شعبے میں ہمارا 14 ماہ کا کام گزشتہ 30 سالوں سے بہتر ہے: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال

mustafa kamal1785570887 0 600x450 1

کراچی: وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا ہے کہ موجودہ حکومت نے صحت کے شعبے میں گزشتہ 14 ماہ کے دوران جو انقلابی اقدامات اور کام کیے ہیں، وہ پچھلے 30 سالوں کی مجموعی کارکردگی سے کہیں زیادہ بہتر اور نمایاں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقدہ 23ویں ہیلتھ ایشیا انٹرنیشنل ایگزیبیشن اینڈ کانفرنس کی پروقار تقریب میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کے موقع پر کیا۔ وفاقی وزیرِ صحت نے بین الاقوامی نمائش میں لگائے گئے مختلف ملکی و غیر ملکی اسٹالز کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے جدید طبی آلات، ادویات اور فارماسیوٹیکل سیکٹر میں ہونے والی جدید تحقیق کا جائزہ لیا۔

نمائش کے دوران وفاقی وزیر نے وہاں موجود ملکی اور بین الاقوامی نمائش کنندگان سمیت مختلف ممالک سے آئے ہوئے اعلیٰ سطحی وفود سے خصوصی ملاقاتیں بھی کیں۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار صحت کے شعبے کو ترجیحی بنیادوں پر جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد عام شہریوں کو عالمی معیار کی طبی سہولیات کی آسان فراہمی یقینی بنانا ہے۔ بین الاقوامی وفود نے پاکستان میں طبی شعبے کی ترقی اور نمائش کے بہترین انتظامات کو سراہا۔