کراچی: سرجانی ٹاؤن میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والا انتہائی مطلوب ملزم زخمی حالت میں گرفتار
کراچی: ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس نے سرجانی ٹاؤن میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والے انتہائی مطلوب ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ہے۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق رات گئے مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرجانی ٹاؤن کے سیکٹر 4C میں کارروائی کی گئی جہاں پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی۔
فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد پولیس نے ایک ملزم عبدالقادر عرف ڈاڈا ولد صاحب زادہ کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ اس کا ساتھی ملزم اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

گرفتار ملزم نے اعترافِ جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے 6 ستمبر 2026 کو چمن چوک کے قریب گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار عمران شاہ اور محمد عثمان شدید زخمی ہو گئے تھے۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق عبدالقادر عرف ڈاڈا ایک عادی مجرم ہے جو اس سے قبل بھی غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمے میں تھانہ سرجانی ٹاؤن سے گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے مفرور ساتھی کی گرفتاری کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں تاکہ اسے بھی جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
