کراچی: عالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ
عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں تین روزہ وقفے کے بعد سونے اور چاندی کی قیمتوں میں دوبارہ تیزی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ عالمی طاقتوں کے درمیان جاری اقتصادی جنگ اور ایک دوسرے کی کرنسیوں کو کمزور کرنے کی پالیسیوں کے باعث بین الاقوامی سطح پر سنہری دھات کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 8 ڈالر کے اضافے کے ساتھ 4,404 ڈالر کی سطح پر آ گئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں اس اضافے کے اثرات مقامی صرافہ مارکیٹوں پر بھی نمایاں رہے، جہاں بدھ کے روز فی تولہ سونے کی قیمت 800 روپے مہنگی ہو کر 4 لاکھ 62 ہزار 936 روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح، 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 686 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 96 ہزار 893 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی 72 سینٹس مہنگی ہو کر 66 ڈالر 62 سینٹس پر بند ہوئی۔ عالمی مارکیٹ میں تیزی کے باعث ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ چاندی کی قیمت 72 روپے کے اضافے سے 7 ہزار 141 روپے، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 62 روپے بڑھ کر 6 ہزار 122 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔
صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق، عالمی معاشی عدم استحکام اور بین الاقوامی مارکیٹ میں ہونے والی تبدیلیاں مقامی سطح پر قیمتوں کے تعین میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
