سندھ میں ایم ڈی کیٹ امتحان 20 ستمبر کو ہوگا؛ کراچی سمیت مختلف اضلاع میں امتحانی مراکز قائم

1220385398646fb

میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے لازمی امتحان، میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ 2026)، آئندہ اتوار یعنی 20 ستمبر کو ملک بھر میں منعقد کیا جائے گا۔

سکھر آئی بی اے ٹیسٹنگ سروسز کے مطابق، سندھ بھر میں ایم ڈی کیٹ 2026 کا امتحان سیبا ٹیسٹنگ سروسز کے تحت انتہائی شفاف طریقے سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ امتحانات کے پرامن اور منظم انعقاد کے لیے صوبے کے تمام بڑے اضلاع اور وفاقی دارالحکومت میں امتحانی مراکز قائم کر دیے گئے ہیں۔

کراچی: صوبائی دارالحکومت میں این ای ڈی یونیورسٹی اور ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں۔حیدرآباد کے طلبہ کے لیے پبلک اسکول، لطیف آباد میں مرکز قائم کیا گیا ہے.جامشورو میں امتحان لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز میں منعقد ہوگا۔میرپورخاص کے امیدواروں کے لیے میر شیر محمد ٹالپور پبلک اسکول میں سینٹر بنایا گیا ہے. لاڑکانہ میں ٹیسٹ پولیس ٹریننگ اسکول گراؤنڈ، واگن روڈ پر لیا جائے گا۔

ان کے علاوہ سکھر، شہید بینظیر آباد اور اسلام آباد میں بھی ہزاروں طالب علموں کی سہولت کے لیے بڑے امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ سیبا ٹیسٹنگ سروسز نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ امتحانی مراکز کی تفصیلات اور رول نمبر سلپس کے مطابق وقتِ مقررہ پر پہنچنا یقینی بنائیں۔