اپر دیر: گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے 3 افراد جاں بحق، ایک بچہ زخمی
خیبر پختونخوا کے ضلع اپر دیر (دیر بالا) میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں تین افراد جاں بحق اور ایک بچہ شدید زخمی ہو گیا ہے۔
ریسکیو 1122 حکام کے مطابق، یہ حادثہ دیر بالا کے علاقے براول سندرول کے مقام پر پیش آیا، جہاں ایک فیلڈر گاڑی تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر سڑک کنارے گہری کھائی میں جاگری۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
حکام نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک معصوم بچہ شدید زخمی ہوا۔ ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمی بچے کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں بچے کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے حادثے کی وجوہات کا پتا لگانے کے لیے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
