ٹنڈوالہیار میں کسٹمز اور حساس ادارے کی بڑی کارروائی، لاکھوں روپے مالیت کے غیر قانونی سگریٹ برآمد، گودام سیل
ٹنڈوالہیار : کسٹمز اور حساس ادارے نے ٹنڈوالہیار میں ایک مشترکہ اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی سگریٹ کے 160 کارٹن برآمد کر لیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کسٹمز اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے خفیہ اطلاع پر ٹنڈوالہیار کی میئو کالونی میں واقع سگریٹ کے ایک گودام پر اچانک چھاپہ مارا۔ چھاپے کے دوران گودام سے غیر قانونی سگریٹ کے 160 کارٹن برآمد ہوئے، جن کی مالیت کا تخمینہ 40 سے 50 لاکھ روپے لگایا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق کارروائی کے دوران برآمد کیے گئے تمام غیر قانونی سگریٹ تحویل میں لے لیے گئے ہیں جبکہ کارروائی مکمل کرنے کے بعد مذکورہ گودام کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔ کسٹمز حکام کی جانب سے معاملے کی مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
