پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ پیٹرول 3.40 روپے جبکہ ڈیزل6.72 روپے فی لیٹر مہنگا
وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا ہے، جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 40 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، اس حالیہ اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 367 روپے 75 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 392 روپے 67 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر ہو چکا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث یہ مسلسل تیسرا اضافہ ہے، جس سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ اوگرا (OGRA) کے روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کے تعین کے نئے طریقہ کار کے تحت یہ تبدیلیاں کی جا رہی ہیں تاکہ بین الاقوامی مارکیٹ کے اثرات کو شفافیت کے ساتھ صارفین تک منتقل کیا جا سکے۔

