اے این ایف کا ملک گیر کریک ڈاؤن، لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد، 4 ملزمان گرفتار
راولپنڈی/اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 3 کامیاب کارروائیاں کی ہیں۔ ان کارروائیوں کے دوران 4 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 60 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 29.699 کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئی ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق پہلی کارروائی چکلالا گیریژن راولپنڈی کے ایک کورئیر آفس میں کی گئی، جہاں سعودی عرب بھیجے جانے والے پارسل میں موجود 15 وائی فائی ڈیوائسز سے 494 گرام آئس برآمد کی گئی۔ دوسری کارروائی کمال شیر خان انٹرچینج صوابی کے قریب کی گئی، جہاں ایک گاڑی سے 28.8 کلوگرام افیون برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

تیسری کارروائی میں اے این ایف نے اسلام آباد میں ایک ہوٹل کے قریب سے 2 ملزمان کو گرفتار کیا، جن کے قبضے سے 405 گرام وزنی 710 ایکسٹیسی گولیاں برآمد ہوئیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
