صدر ٹرمپ کا مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی کامیابی پر امریکی شہریوں کیلئے انعام کا اعلان

441789 4662094 updates

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نومبر میں ہونے والے مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی کامیابی کی صورت میں امریکی شہریوں کے لیے خطیر رقم بطور انعام دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ ڈلاس میں ریپبلکن کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر انتخابات میں ان کی پارٹی کامیاب ہوتی ہے تو امریکا کے ہر بالغ شہری کو 5 ہزار ڈالر کا انعام دیا جائے گا، تاہم یہ رقم اس شرط پر دی جائے گی کہ اسے امریکا کے اندر ہی خرچ کیا جائے۔

اپنے خطاب کے دوران صدر ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ نومبر میں مڈٹرم الیکشن کے بعد ایران کے ساتھ جاری جنگ فوری طور پر ختم ہو جائے گی اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں بھی واضح کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا امکان اب بھی موجود ہے اور وہ ایران کے معاملے میں سابقہ جوہری معاہدے سے آگے بڑھ کر کام کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ مغربی کنارے کی یہودی بستیوں پر عائد پابندیوں کے حوالے سے جلد اسرائیل سے بات چیت کریں گے۔