بلیو اکانومی میں بڑی پیشرفت، سمندری خوراک کی برآمدات میں تاریخی اضافہ ریکارڈ
اسلام آباد: پاکستان کی بلیو اکانومی (سمندری معیشت) میں اہم اور مثبت پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں سمندری خوراک (سی فوڈ) کی برآمدات میں تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وزارتِ بحری امور کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ دو سالوں کے دوران پاکستانی سی فوڈ کی برآمدات میں 38 فیصد کا نمایاں اور ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
وزارتِ بحری امور کے حکام کا کہنا ہے کہ سمندری وسائل کے بہتر استعمال اور برآمدات کو فروغ دینے کے لیے کی جانے والی حکومتی کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ سی فوڈ کی برآمدات میں اس تاریخی اضافے سے ملک کو قیمتی زرمبادلہ حاصل ہو رہا ہے، جس سے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے اور ماہی گیری کے شعبے سے وابستہ افراد کا معیارِ زندگی بلند کرنے میں مدد ملے گی۔
