کراچی میں اسٹریٹ کرائم بے قابو؛ 3 ماہ میں 15 ہزار وارداتیں، ڈسٹرکٹ ایسٹ جرائم میں سب سے آگے
کراچی: شہر قائد میں امن و امان کی صورتحال انتہائی ابتر ہو گئی ہے اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیزن پولیس لائیژن کمیٹی (سی پی ایل سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ تین ماہ یعنی جون، جولائی اور اگست کے دوران کراچی بھر میں اسٹریٹ کرائم کی مجموعی طور پر 15 ہزار 54 وارداتیں رپورٹ ہوئیں، جن میں ڈسٹرکٹ ایسٹ جرائم کے حوالے سے سرفہرست رہا۔
رپورٹ کے مطابق اضلاع کی سطح پر وارداتوں کی تفصیلات کچھ یوں ہیں کہ ڈسٹرکٹ ایسٹ 4 ہزار 426 وارداتوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، جبکہ ڈسٹرکٹ سینٹرل 2 ہزار 477 وارداتوں کے باعث دوسرے اور 2 ہزار 2319 وارداتوں کے ساتھ ضلع کورنگی تیسرے نمبر پر رہا۔ اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں 2 ہزار 228 وارداتیں، ڈسٹرکٹ ویسٹ میں 1 ہزار 426 وارداتیں، ڈسٹرکٹ ملیر میں 1 ہزار 156 وارداتیں اور ڈسٹرکٹ کیماڑی میں 1 ہزار 22 وارداتیں ریکارڈ کی گئیں۔
رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ ان نوے دنوں کے دوران مسلح ملزمان نے شہریوں سے اسلحے کے زور پر 36 گاڑیاں چھینیں جبکہ 335 گاڑیاں مختلف علاقوں سے چوری کی گئیں۔ اسی طرح، شہریوں سے سڑکوں پر 1 ہزار 368 موٹر سائیکلیں اسلحے کے زور پر چھینی گئیں اور 7 ہزار 742 موٹر سائیکلیں چوری کی گئیں۔ اسٹریٹ کرمنلز نے شہریوں کو 5 ہزار 419 موبائل فونز سے بھی محروم کر دیا، جبکہ اسی عرصے کے دوران شہر کے مختلف علاقوں سے بھتہ خوری کے 30 کیسز بھی سامنے آئے۔
