ملک بھر میں اے این ایف کی 8 کارروائیاں، خاتون سمیت 18 اسمگلرز گرفتار

WhatsApp Image 2026 09 11 at 10.10.39 AM 2

راو/اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف شہروں میں 8 کامیاب کارروائیاں کی ہیں۔ ان کارروائیوں کے دوران ایک خاتون سمیت 18 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 1 کروڑ 45 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 242.9 کلوگرام منشیات اور ممنوعہ گولیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق، لاہور ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے ایک مرد اور خاتون مسافر کے قبضے سے شیمپو کی بوتلوں میں چھپائی گئی 2.598 کلوگرام آئس برآمد کی گئی، جبکہ ملتان ایئرپورٹ پر سعودی عرب جانے والے مسافر کے کپڑوں میں جذب کی گئی 2.5 کلوگرام آئس پکڑی گئی۔ فیصل آباد میں ساہیانوالہ ٹول پلازہ کے قریب ایک ٹرک سے 60 کلو چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ کے قریب 2 گاڑیوں سے 60 کلو چرس اور 7 ملزمان، اور ایکسپریس وے کے قریب ایک گاڑی سے 45.6 کلو چرس سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

WhatsApp Image 2026 09 11 at 10.10.39 AM 1

کراچی میں سہراب گوٹھ کے قریب ایک ملزم سے 5 کلو چرس برآمد ہوئی، جبکہ جناح روڈ پر واقع ایک وئیر ہاؤس پر چھاپہ مار کر 62.4 کلوگرام وزنی 2 لاکھ 8 ہزار ممنوعہ لیکسوٹنل گولیاں ضبط کی گئیں۔ اس کے علاوہ راولپنڈی جی ٹی روڈ پر 2 گاڑیوں سے 4.8 کلو چرس برآمد کر کے 4 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

WhatsApp Image 2026 09 11 at 10.10.41 AM 1