عمرے کے ویزے پر گداگری کا مکروہ دھندا؛ ملتان ایئرپورٹ پر منظم گینگ بے نقاب، دو مسافر آف لوڈ
ملتان ایئرپورٹ پر فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے عمرے کے ویزے پر مبینہ طور پر گداگری کے لیے سعودی عرب جانے والے ایک منظم گینگ کے دو مسافروں کو جہاز سے اتار کر آف لوڈ کر دیا ہے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق آف لوڈ کیے جانے والے دونوں مسافروں کا تعلق ضلع لودھراں سے ہے جن کی شناخت محمد وقاص اور نجمہ بی بی کے ناموں سے ہوئی ہے، اور یہ دونوں ملتان سے پرواز نمبر PF-702 کے ذریعے سعودی عرب روانہ ہو رہے تھے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ یہ افراد ایک بڑے اور فعال گینگ کا حصہ ہیں جو زیارات یا عمرے کی آڑ میں سادہ لوح شہریوں کو سعودی عرب بھجوا کر وہاں پیشہ ورانہ گداگری کے دھندے میں ملوث کرتے ہیں۔ ایف آئی اے حکام نے ملزمان کے سفری دستاویزات قبضے میں لے کر انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل منتقل کر دیا ہے، جبکہ اس منظم نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں اور ایجنٹوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
