ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کا معاملہ: قومی ریسلر انعام بٹ کا مؤقف تسلیم، 2 ماہ کی پابندی تجویز

images 8 1

لاہور : پاکستان کے نامور قومی ریسلر انعام بٹ کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور حکام نے ان کی جانب سے پیش کی جانے والی وضاحت کو تسلیم کر لیا ہے . ذرائع کے مطابق انعام بٹ نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ڈوپ ٹیسٹ میں سامنے آنے والی ممنوعہ دوا انہوں نے کھیل میں کارکردگی یا قوت بڑھانے کے لیے استعمال نہیں کی تھی، بلکہ یہ دوا انہوں نے آنکھ کے علاج کے لیے استعمال کی تھی .

ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام نے انعام بٹ کا یہ مؤقف قبول کر لیا ہے، جس کے بعد ان پر محض دو ماہ کی نرم سزا تجویز کی جا رہی ہے جو اپریل سے لاگو ہونے کا امکان ہے . تاہم، انعام بٹ نے بینائی کی دوا استعمال کرنے کے حوالے سے ٹیسٹ سے پہلے انتظامیہ کو باقاعدہ آگاہ نہیں کیا تھا، جس کی وجہ سے چین میں ہونے والے ایشین بیچ گیمز میں جیتا گیا ان کا سلور میڈل واپس لیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے. اچھی خبر یہ ہے کہ دو ماہ کی پابندی کی مدت مکمل ہونے کے فوراً بعد وہ دوبارہ قومی اور بین الاقوامی کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے اہل ہو جائیں گے.