سفاری پارک کراچی سے تشویشناک خبر: ہتھنی مدھوبالا زمین پر گر گئی، کھڑا کرنے کے لیے کرین کا استعمال

WhatsApp Image 2026 09 15 at 4.19.27 PM

کراچی : کراچی کے سفاری پارک میں موجود ہتھنی مدھوبالا کی حالت اچانک بگڑنے کے بعد شدید تشویشناک ہو گئی ہے، جس کے باعث اس کی زندگی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ سفاری پارک انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق، مدھوبالا پیر کی صبح اچانک توازن برقرار نہ رکھ پانے کے باعث زمین پر گر گئی تھی، جس کے بعد سے وہ دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑی نہیں ہو سکی ہے۔ پارک کی انتظامیہ اور عملہ ہتھنی کو کھڑا رکھنے اور اسے معمولی حرکت دینے کے لیے کرین اور مخصوص بیلٹس کی مدد لے رہے ہیں۔

ڈائریکٹر سفاری پارک امجد زیدی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مدھوبالا کی دائیں پچھلی ران پر شدید سوجن ہے، جس کے باعث وہ اپنی پچھلی ٹانگ کو بالکل بھی استعمال نہیں کر پا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہتھنی کی اندرونی تکلیف اور بیماری کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے جلد ہی اس کے ایکسرے، خون اور پیشاب کے تفصیلی ٹیسٹ کروائے جائیں گے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مدھوبالا حال ہی میں ٹی بی (ٹیبرکلوسس) اور پاؤں کے پرانے انفیکشن کا علاج مکمل کر چکی تھی، لیکن اس نئی میڈیکل ایمرجنسی نے اسے دوبارہ نڈھال کر دیا ہے۔ دوسری جانب، سینئر ویٹرنری ڈاکٹرز نے خبردار کیا ہے کہ مدھوبالا کی موجودہ جسمانی حالت انتہائی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ طویل وقت تک زمین پر گرے رہنے یا شدید کمزوری کے باعث اس کے جسم کے دیگر اہم اعضاء بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ مدھوبالا کو نومبر دو ہزار چوبیس میں کراچی چڑیا گھر کی تنہائی سے نکال کر سفاری پارک منتقل کیا گیا تھا، جہاں اسے اس کی بہنوں سونیا اور ملیکا کے ساتھ رکھا گیا تھا۔ تاہم، اس منتقلی کے محض ایک ماہ بعد ہی اس کی بہن سونیا اچانک گرنے اور متعدد بیماریوں کے باعث ہلاک ہو گئی تھی۔ مدھوبالا کی نازک صورتحال کے پیشِ نظر بین الاقوامی ماہرین اور سری لنکا کے وائلڈ لائف ہیلتھ اسپیشلسٹ ڈاکٹر بدھیکا بھنڈارا سے مسلسل رابطہ کیا جا ریا ہے تاکہ اس قیمتی جانور کی جان بچانے کے لیے ہر ممکن ہنگامی طبی اقدامات کیے جا سکیں۔