ڈراموں میں رومانوی مناظر کی شوٹنگ سے جذبات بھڑکنا فطری ہے، نوال سعید کا اعتراف
لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نوال سعید نے ڈراموں میں رومانوی مناظر کی شوٹنگ اور ساتھی اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے حیران کن انکشافات کر دیے ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے نوال سعید کا کہنا تھا کہ وہ اب تک متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، لیکن سیٹ پر رومانوی مناظر عکسبند کرواتے وقت بعض اوقات حقیقت میں بھی ان کرداروں کے سحر سے باہر نکلنا مشکل ہو جاتا ہے۔
اداکارہ نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران جب وہ اپنے ساتھی اداکار کے ساتھ دن میں 12، 12 گھنٹے گزارتی ہیں اور پھر اسکرین پر رومانی مکالمے (ڈائیلاگز) بولتی ہیں، تو ایسے ماحول میں جذبات کا ابھرنا ایک بالکل عام اور قدرتی بات ہے۔
نوال سعید کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی مداحوں اور ناظرین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد اداکارہ کی اس بات سے اتفاق کر رہی ہے کہ اسکرین پر رومانس کرتے وقت حقیقی زندگی میں جذبات کو قابو کرنا واقعی ایک مشکل عمل ہو سکتا ہے۔
