کراچی: لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں آتشزدگی، واٹر کارپوریشن کی جانب سے ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ

WhatsApp Image 2026 09 07 at 1.38.24 PM 1

کراچی: کراچی کے تجارتی علاقے لانڈھی میں واقع ایکسپورٹ پروسیسنگ زون (EPZ) میں اچانک ہولناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے بعد ریسکیو آپریشن کو تیز کرنے کے لیے واٹر کارپوریشن نے فوری اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔

ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق، واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ حکام نے آگ بجھانے کے عمل میں واٹر کارپوریشن سے ہنگامی مدد طلب کر لی تھی۔ صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے، سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی کی خصوصی ہدایت پر لانڈھی ہائیڈرنٹ اور شیرپاؤ ہائیڈرنٹ پر فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

موقع پر امدادی کارروائیوں کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے واٹر کارپوریشن کی جانب سے پانی سے بھرے متعدد واٹر ٹینکرز جائے وقوعہ کی طرف روانہ کر دیے گئے ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا ہے کہ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو پانی کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں اور انچارج ہائیڈرنٹس سیل فائر بریگیڈ اور ریسکیو حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ فوکل پرسن برائے سی ای او ہائیڈرنٹس سیل اس پورے آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ واٹر کارپوریشن کے حکام کا عزم ہے کہ جب تک آگ پر مکمل طور پر قابو نہیں پا لیا جاتا، پانی کی سپلائی اور ٹینکرز کی فراہمی کا یہ سلسلہ بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ریسکیو اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جا رہا ہے۔