پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر ملتان سے گرفتار، تفتیش کے لیے لاہور منتقل
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کو ملتان سے حراست میں لے کر لاہور پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، حماد اظہر 9 مئی 2023ء کے پرتشدد واقعات اور جی او آر (GOR) گیٹ پر حملے سمیت 50 سے زائد مقدمات میں نامزد ہیں۔ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت (ATC) نے عدم پیشی پر انہیں اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹِ گرفتاری جاری کر رکھے تھے۔ وہ گزشتہ طویل عرصے سے پولیس کو مطلوب اور روپوش تھے۔ اس دوران وہ صرف ایک مرتبہ اپنے والد کے انتقال پر منظرِ عام پر آئے تھے، جس کے بعد وہ دوبارہ روپوش ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے حماد اظہر کو ملتان میں آر اے بازار کے قریب ان کے ایک قریبی دوست کے گھر سے حراست میں لیا۔ گرفتاری کے بعد انہیں قانونی کارروائی اور مقدمات کی باقاعدہ تفتیش کے لیے لاہور پولیس کے انوسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب حماد اظہر نے حفاظتی ضمانت کے لیے ہائی کورٹ سے بھی رجوع کر رکھا ہے۔
