کراچی: 5 روزہ دفاعِ پاکستان انٹر کالجیٹ مصوری مقابلے کا آغاز، 128 کالجوں کی شرکت

Screen Shot 2026 09 07 at 2.40.28 PM

کراچی: کراچی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر 5 روزہ ‘دفاعِ پاکستان انٹر کالجیٹ لائیو پینٹنگز مقابلے’ کا باقاعدہ آغاز پیر کے روز پی ایچ ای سی ایچ ایس (PECHS) گورنمنٹ کالج برائے خواتین سے ہو گیا ہے۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے خصوصی طور پر کالج کا دورہ کیا، مقابلے کا معائنہ کیا اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو شاندار الفاظ میں سراہا۔

تقریب میں ڈپٹی کمشنر شرقی نصراللہ عباسی، ایڈیشنل کمشنر کراچی عاطف جالب، ڈائریکٹر کالجز کراچی ریجن گلاب رائے اور پرنسپل پروفیسر شہلا قریشی بھی موجود تھیں۔

کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس تاریخی مقابلے میں شہر بھر کے 128 کالجوں کے طلبہ اور طالبات حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہو کر حصہ لے رہے ہیں۔ یہ نوجوان کینوس پر آئل پینٹنگز، اسکیچنگ اور واٹر کلرز کی مدد سے ملکی دفاع، 1965ء کی جنگ کے غازیوں اور سرحدوں پر مامور محافظوں کے خوبصورت شاہکار تخلیق کر رہے ہیں۔ وہ اپنے فن پاروں کے ذریعے پاک فوج، فضائیہ اور بحریہ کے جوانوں کی شجاعت کو شاندار انداز میں اجاگر کر رہے ہیں۔

سید حسن نقوی نے اعلان کیا کہ اس 5 روزہ مقابلے کا فائنل 11 ستمبر کو کراچی آرٹس کونسل میں منعقد ہوگا، جس میں منتخب کردہ 50 بہترین طلبہ کے درمیان لائیو پینٹنگز کا فائنل مقابلہ ہوگا۔ بعد ازاں ان تمام پینٹنگز کی آرٹس کونسل میں باقاعدہ نمائش کی جائے گی اور ان شاہکاروں کو آرٹس کونسل میں مستقل طور پر محفوظ کر دیا جائے گا۔

کمشنر کراچی نے مزید کہا کہ پاک افواج کی دشمن کے خلاف تاریخی کامیابی نے دنیا بھر میں قوم کا وقار بلند کیا ہے اور اسی جذبے نے پوری قوم کو متحد رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مصوری کے ان مقابلوں کے ذریعے پاک افواج کی عظیم قربانیوں کی یادیں محفوظ ہوں گی اور رنگوں کے ذریعے شہدائے پاکستان کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا، جس سے نئی نسل میں حب الوطنی کا جذبہ مزید بیدار ہوگا۔