میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے دفتر میں آتشزدگی، قیمتی سامان سمیت اہم ریکارڈ جل گیا

WhatsApp Image 2026 09 08 at 1.12.40 PM

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے ایم اے جناح روڈ پر واقع ہیڈ آفس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں میئر کراچی کا دفتر مکمل طور پر جل گیا ہے اور وہاں موجود اہم ترین ریکارڈ بھی خاکستر ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، آگ کے ایم سی ہیڈ آفس کی عمارت میں میئر کراچی کے دفتر سے متصل کچن میں لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے انتہائی تیزی کے ساتھ پورے پورشن کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس اچانک آتشزدگی کے باعث میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا مرکزی دفتر مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گیا، جبکہ دفتر میں موجود بلدیاتی امور اور دیگر اہم ترین دفتری ریکارڈ بھی جل کر ضائع ہو گیا ہے۔

https://www.facebook.com/reel/2947034962299183

واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو حکام کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کے عمل میں 2 فائر ٹینڈرز نے حصہ لیا اور سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق، خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم اہم سرکاری دستاویزی ریکارڈ اور قیمتی فرنیچر جل چکا ہے۔ پولیس اور متعلقہ حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔