کراچی کے ہائی سیکیورٹی زون میں بڑی واردات: ڈاکو تاجر سے 3 کروڑ روپے لوٹ کر فرار

sindh police

کراچی: شہر کے انتہائی حساس اور ہائی سیکیورٹی والے علاقے ‘ریڈ زون’ میں آرٹلری میدان تھانے کی حدود میں مسلح ڈاکوؤں نے ایک تاجر سے مبینہ طور پر 3 کروڑ روپے کی خطیر رقم لوٹ لی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق، اس واردات میں 4 سے 6 مسلح ملزمان شامل تھے، جنہوں نے ریڈ زون میں تاجر کی گاڑی کو اسلحے کے زور پر روکا۔ ملزمان نے تاجر کو ہراساں کرتے ہوئے زبردستی اس کی گاڑی کی ڈگی کھلوائی اور اس میں موجود 3 کروڑ روپے کی نقدی نکال کر باآسانی فرار ہو گئے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق، متاثرہ تاجر جانوروں کی فیڈ ایکسپورٹ کا کاروبار کرتا ہے اور اس کی ‘فیلڈ اینمل’ کے نام سے ایک نامور ایکسپورٹ کمپنی ہے۔

آرٹلری میدان پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ تاجر حنیف نے تاحال واقعے کا باقاعدہ مقدمہ درج نہیں کرایا ہے، اور وہ قانونی کارروائی کے لیے دن میں کسی وقت تھانے آنے کا کہہ کر چلے گئے ہیں۔ دوسری جانب، ہائی سیکیورٹی زون میں اتنی بڑی ڈکیتی کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ سے ملزمان کی شناخت کے لیے تکنیکی شواہد جمع کرنا شروع کر دیے ہیں۔ اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز کو بھی باریک بینی سے چیک کیا جا رہا ہے تاکہ ملزمان کے فرار ہونے والے راستوں کا سراغ لگایا جا سکے۔