سندھ میں تاجروں کے لیے بڑی خوشخبری دکانوں اور کاروباری اداروں کی رجسٹریشن اب آن لائن ہوگی
کراچی: سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محنت و افرادی قوت نے "سندھ شاپس اینڈ کمرشل اسٹیبلشمنٹ (ترمیمی) بل 2026” کی تفصیلی غور و خوض کے بعد منظوری دے دی ہے، جس کے تحت صوبے بھر میں کاروباری اداروں کی رجسٹریشن کے نظام کو ڈیجیٹل اور ‘ای سسٹم’ پر منتقل کیا جائے گا۔
یہ اہم فیصلہ چیئرمین قائمہ کمیٹی و رکن سندھ اسمبلی ساجد جوکھیو کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر محنت، افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی، ارکانِ سندھ اسمبلی عروبا ربانی، روما صباحت، ملیحہ منظور، نصیر احمد، سیکرٹری محنت سندھ ساجد جمال ابڑو اور لا آفیسر لیبر رجومل سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران صوبائی وزیر سعید غنی نے بل میں ترامیم کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اس ترمیمی بل کا بنیادی مقصد کاروباری افراد کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ نئے قانون کے تحت تاجر اور کاروباری شخصیات اب اپنے کاروبار کی رجسٹریشن گھر بیٹھے آن لائن کروا سکیں گی، جس سے دفتری چکروں اور طویل طریقہ کار سے نجات ملے گی۔ کمیٹی نے اس ڈیجیٹلائزیشن سسٹم کی تعریف کرتے ہوئے بل کو متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
