ٹی سی پی نے درآمدی چینی کی دوبارہ برآمد کے لیے ٹینڈر جاری کر دیا

Civil Aviation Authority 2 1024x536 1

کراچی: ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (TCP) نے ملک میں چینی کے موجودہ اسٹاک کو بین الاقوامی مارکیٹ میں برآمد کرنے کے لیے باقاعدہ ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔

ٹی سی پی کے مطابق، 1 لاکھ 7 ہزار 739 میٹرک ٹن چینی کی برآمد کے لیے دنیا بھر کے خریداروں سے بولیاں طلب کی گئی ہیں۔ ٹینڈر دستاویزات کے تحت تمام کاروباری اداروں کو 28 ستمبر 2026 تک اپنی الیکٹرانک بولیاں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ شفافیت برقرار رکھنے کے لیے صرف آن لائن بولیاں ہی قابلِ قبول ہوں گی اور کسی بھی قسم کی دستی (مینول) بولی کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ سال چینی کی ملکی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے 3 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد چینی درآمد کی تھی، جس پر قومی خزانے سے تقریباً 50 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی گئی تھی۔ اب اسی درآمدی چینی کو دوبارہ برآمد کرنے کے فیصلے پر سابق وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی کی بے وقت درآمد اور پھر برآمد کے اس سارے عمل کا براہِ راست مالی نقصان صرف اور صرف عام پاکستانیوں کو ہی اٹھانا پڑ رہا ہے۔