آئی فون 18 کی آمد سے قبل آئی فون 17 سیریز کی قیمتوں میں بڑی کمی
لندن : ایپل کی جانب سے آئی فون 18 سیریز اور نئے فولڈ ایبل آئی فون کی متوقع لانچنگ سے قبل دنیا کے مختلف ممالک میں آئی فون 17 سیریز کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر دی گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی سیریز کی مارکیٹ میں آمد سے قبل مختلف ممالک کے بڑے ریٹیلرز نے آئی فون 17 سیریز کا پرانا اسٹاک ختم کرنے کے لیے خصوصی ڈسکاؤنٹ سیلز کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت صارفین کو بھاری رعایت فراہم کی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں معروف آن لائن ریٹیلر ایمیزون نے آئی فون 17 سیریز پر رعایت کا دائرہ مزید بڑھا دیا ہے، جہاں آئی فون 17 پرو اور آئی فون 17 پرو میکس کی قیمتوں میں لانچنگ پرائس کے مقابلے میں 150 پاؤنڈ یعنی 56 ہزار پاکستانی روپے سے زائد کی بڑی کمی دیکھی گئی ہے۔ اسی طرح بنیادی آئی فون 17 کی قیمت بھی 100 پاؤنڈ یعنی 37 ہزار پاکستانی روپے سے زائد کم کر دی گئی ہے جبکہ آئی فون ایئر کے 512 جی بی ماڈل کی قیمت میں سب سے بڑا ڈسکاؤنٹ دیتے ہوئے 200 پاؤنڈ یعنی ایک لاکھ 12 ہزار پاکستانی روپے سے زائد کی کمی کی گئی ہے۔
برطانیہ کے علاوہ یورپی ممالک میں بھی آئی فون 17 سیریز کی قیمتوں میں زبردست کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے جہاں مختلف ماڈلز پر 100 سے 150 یورو یعنی تقریباً 32 ہزار سے 50 ہزار پاکستانی روپے تک کی رعایت دی جا رہی ہے۔ مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایپل کی نئی فلیگ شپ ڈیوائسز کی رونمائی کے پیشِ نظر عالمی مارکیٹ میں پرانے ماڈلز کی قیمتوں میں یہ کمی آئی فون کے شائقین کے لیے سستے داموں فون خریدنے کا ایک بہترین موقع ثابت ہو سکتی ہے۔
