کرم میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، افغان خارجی عبید اللہ سعد سمیت 4 دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے کرم ڈسٹرکٹ میں دہشت گردوں کے خلاف ایک انتہائی کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے منسلک خطرناک افغان خارجی عبید اللہ سعد کو اس کے تین ساتھیوں سمیت ہلاک کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے یہ مؤثر کارروائی 8 ستمبر 2026 کو خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کی، جس کے نتیجے میں چاروں دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک ہونے والا بنیادی ملزم خارجی عبید اللہ سعد ولد غلام غوث صالحی افغانستان کے صوبہ لوگر کے گاؤں شاہی قلعہ کا رہائشی تھا اور کالعدم فتنہ الخوارج سے وابستہ ہو کر پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد سنگین کارروائیوں میں براہِ راست ملوث تھا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان سے دراندازی کرنے والے ریاست دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، اور ملکی امن و سلامتی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
