برمنگھم ٹیسٹ: رضا اللہ ٹیسٹ ڈیبیو پر تیز ترین نصف سنچری بنانیوالے پاکستانی بیٹر بن گئے
برمنگھم: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان برمنگھم میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی فاسٹ بولر رضا اللہ نے اپنے پہلے ہی میچ میں مایہ ناز بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف قومی ٹیم کو اننگز کی عبرت ناک شکست سے بچایا بلکہ کرکٹ تاریخ کے کئی بڑے ریکارڈز بھی اپنے نام کر لیے ہیں۔
انگلینڈ کے خلاف دوسری اننگز میں رضا اللہ نویں نمبر پر بلے بازی کے لیے میدان میں اترے اور برطانوی بولرز پر جارحانہ لاٹھی چارج کرتے ہوئے محض 63 گیندوں پر 81 رنز کی طوفانی اننگز کھیل ڈالی۔ ان کی اس شاندار باری کی بدولت پاکستان نے میچ میں واپسی کی اور میزبان ٹیم کے خلاف 130 رنز کی اہم برتری بھی حاصل کر لی ہے۔ رضا اللہ نے اپنی اس یادگار اننگز کے دوران فلک شگاف 9 چھکے لگائے، جس کے ساتھ ہی انہوں نے ٹیسٹ ڈیبیو پر دنیا میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا عالمی ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے۔ ان کا ساتھ دیتے ہوئے ٹیل اینڈ بیٹر محمد عباس نے بھی 42 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی جس میں 2 خوبصورت چھکے شامل تھے۔
کرکٹ کی طویل تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب نمبر 9 سے لے کر نمبر 11 تک کے آخری بلے بازوں نے حریف ٹیم کے فاسٹ بولرز کو مجموعی طور پر 11 چھکے جڑے ہوں۔ اس کے ساتھ ہی رضا اللہ نے صرف
43 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی، جس کے بعد وہ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو پر تیز ترین ففٹی بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے ہیں۔ اس سے قبل یہ اعزاز آل راؤنڈر فہیم اشرف کے پاس تھا جنہوں نے سال 2018 میں آئرلینڈ کے خلاف اپنے ڈیبیو میچ میں 52 گیندوں پر 50 رنز بنائے تھے۔
