وزارتِ توانائی نے براؤن فیلڈ ریفائنری پالیسی جاری کر دی، 5 ارب ڈالر کے اپ گریڈیشن منصوبوں کی راہ ہموار

441958 6576563 updates

اسلام آباد: وفاق نے ملکی پیٹرولیم سیکٹر کے فروغ کے لیے تاریخی براؤن فیلڈ ریفائنری پالیسی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے بعد ملک میں 5 ارب امریکی ڈالرز مالیت کے ریفائنری اپ گریڈیشن منصوبوں کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ اس اہم پالیسی کا مقصد مقامی ریفائنریوں کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور ایندھن کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔

پالیسی کی سخت شرائط کے مطابق، تمام مقامی ریفائنریوں کے لیے لازم ہوگا کہ وہ یکم اکتوبر تک حکومت کے ساتھ اپ گریڈیشن کے باقاعدہ معاہدے مکمل کریں۔ اگر کوئی ریفائنری مقررہ مدت تک معاہدہ کرنے میں ناکام رہی، تو سزا کے طور پر اس کے ہائی اسپیڈ ڈیزل پر ملنے والی ڈیِمڈ ڈیوٹی (Deemed Duty) میں مزید کمی کر دی جائے گی۔ پالیسی میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ اگر کمپنیوں نے 15 نومبر تک بھی ان معاہدوں پر دستخط نہ کیے، تو ان کی ڈیِمڈ ڈیوٹی کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔

نئی گائیڈ لائنز کے تحت ریفائنریوں کے لیے خام تیل کا اسٹاک برقرار رکھنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اب تمام ریفائنریوں کو درآمدمی خام تیل پر کم از کم 20 دن کا اور مقامی طور پر پیدا ہونے والے تیل پر 15 دن کا سپلائی ذخیرہ (اسٹاک) ہر حال میں برقرار رکھنا ہوگا تاکہ ملک میں ایندھن کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔