کراچی: ڈیفنس تشدد کیس، 3 ملزمان کی عبوری ضمانتیں مسترد
کراچی : کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت نے ڈیفنس کے علاقے میں نوجوان علی جعفری پر مبینہ تشدد کے مقدمے میں نامزد تین ملزمان کی عبوری ضمانتیں مسترد کر دیں۔ عدالتی فیصلے کے فوراً بعد دو ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ تیسرے ملزم کی ضمانت عدم حاضری کی بنیاد پر منسوخ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق، تھانہ ساحل میں درج مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت نے ملزمان ابراہیم، علی فیصل اور ارتضیٰ کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔ ضمانتیں مسترد ہوتے ہی ملزم ابراہیم اور علی فیصل احاطہ عدالت سے فرار ہو گئے، جبکہ ملزم ارتضیٰ کی ضمانت عدالت میں حاضر نہ ہونے کے باعث منسوخ کی گئی۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کے موبائل فونز سے واقعے کی ویڈیوز برآمد ہوئی ہیں، جو جرم میں ان کے ملوث ہونے کا واضح ثبوت ہیں۔ عدالت نے مزید موقف اختیار کیا کہ ملزمان کی باقاعدہ گرفتاری نہ ہونے کی وجہ سے پولیس تفتیش کا عمل اب تک مکمل نہیں ہو سکا تھا، جس کی بناء پر ملزمان کسی بھی قسم کے عدالتی ریلیف کے حق دار نہیں ہیں۔ پولیس نے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔
