پاکستان کے لیے بڑا اعزاز : مشہور فائن آرٹسٹ ریاض رفیع کی تخلیق امریکی ایئرپورٹ کی زینت بنے گی

WhatsApp Image 2026 09 15 at 11.00.56 AM

ُپاکستان کے نامور اور منفرد فن کار ریاض رفیع نے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر دیا۔ امریکہ کے شہر ہیوسٹن میں واقع سویر یارڈز (Sawyer Yards) کی جانب سے ان کے ایک مایہ ناز فن پارے کو بش انٹرکانٹینینٹل ایئرپورٹ (Bush Intercontinental Airport) کے ٹرمینل A پر نمائش کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، سویر یارڈز کے ایگزیبیشن ڈائریکٹر الیگزینڈر اسکوائر (Alexander Squier) کی جانب سے آرٹسٹ ریاض رفیع کو بھیجی گئی آفیشل ای میل میں تصدیق کی گئی ہے کہ ان کا شاہکار فن پارہ، جس کا عنوان "Day and Night” (دن اور رات) ہے، اس باوقار شوکیس کا حصہ بنے گا۔

یہ نمائش ایک سالہ لون پیریڈ (One-year loan period) پر مبنی ہوگی، جہاں دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں مسافر پاکستانی فن و ثقافت کے اس خوبصورت رنگ کو دیکھ سکیں گے۔ سویر یارڈز انتظامیہ کے مطابق، منتخب کردہ فن پارے کو سلور اسٹریٹ اسٹوڈیوز کے انتظامی دفاتر میں جمع کروانے کے بعد باقاعدہ طور پر ایئرپورٹ کے ٹرمینل A پر نصب کر دیا جائے گا۔

پاکستان کے آرٹ کے شعبے سے تعلق رکھنے والے حلقوں اور سوشل میڈیا پر ریاض رفیع کو اس بین الاقوامی کامیابی پر بھرپور مبارکباد دی جا رہی ہے، اور اسے پاکستان کے لیے ایک بڑا اور تاریخی اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔