کراچی: منگھوپیر تھانے کے باہر احتجاج میں نیا موڑ، سیاسی جماعتوں کا دھرنے سے بائیکاٹ کا اعلان
کراچی : کراچی کے علاقے منگھوپیر میں تھانے کے باہر جاری احتجاجی دھرنے میں اس وقت اہم موڑ آیا جب متعدد مقامی سیاسی جماعتوں نے متفقہ طور پر روشم حسین کی تدفین کا مطالبہ کرتے ہوئے دھرنے کا بائیکاٹ کر دیا۔ دوسری جانب مقتول کے والد اور مظاہرین نے تاحال تدفین سے صاف انکار کر رکھا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، منگھوپیر پولیس اسٹیشن کے باہر جاری احتجاجی دھرنے کے معاملے پر اہم سیاسی جماعتوں کا ایک مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی (PPP)، پاکستان تحریک انصاف (PTI)، جمعیت علمائے اسلام (JUI)، عوامی نیشنل پارٹی (ANP) اور دیگر مقامی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ سیاسی جماعتوں نے مشترکہ فیصلہ سناتے ہوئے مطالبہ کیا کہ روشم حسین کی تدفین فوری طور پر عمل میں لائی جائے۔
سیاسی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جب تک مقتول کی تدفین نہیں کی جاتی، وہ احتجاجی دھرنے میں شرکت کا مکمل بائیکاٹ کریں گے۔ تاہم، مقتول روشم حسین کے والد اور دھرنے پر بیٹھے مظاہرین اپنے مطالبات کی منظوری تک تدفین نہ کرنے کے فیصلے پر قائم ہیں، جس کے باعث صورتحال تاحال کشیدہ بنی ہوئی ہے اور پولیس کی بھاری نفری علاقے میں الرٹ ہے۔
