کرنسی کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف کریک ڈاؤن: ایف آئی اے کراچی نے 3 افراد کو حراست میں لے لیا

WhatsApp Image 2026 09 15 at 2.13.15 PM

وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کراچی زون نے غیر قانونی ہنڈی حوالہ اور کرنسی اسمگلنگ کے خلاف جاری ملک گیر کریک ڈاؤن کے دوران دو بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے تین انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر ایک کروڑ آٹھ لاکھ روپے سے زائد کی نقد رقم، اسمگلنگ کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی اور موبائل فونز برآمد کر کے اہم ڈیجیٹل شواہد قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔

کمرشل بینکس سرکل کراچی کی ٹیم نے لیاری کے علاقے میں ایک کامیاب چھاپہ مار کارروائی کے دوران سراج عرف سکندر عرف رابرٹ نامی مرکزی ملزم کو حراست میں لیا۔ ملزم کے قبضے سے ہنڈی حوالہ کی پینتالیس لاکھ روپے کی نقد رقم اور دو موبائل فونز تحویل میں لیے گئے ہیں، جن کی ابتدائی فارنزک جانچ کے دوران بینکنگ چینلز کے استعمال کے بغیر بین الاقوامی رقوم کی منتقلی پر مبنی آڈیو اور ٹیکسٹ پیغامات کے ٹھوس شواہد ملے ہیں۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے نیٹ ورک میں شامل دیگر سہولت کاروں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

دوسری کارروائی اسٹیٹ بینک سرکل کراچی کی ٹیم نے ناظم آباد انڈر پاس کے قریب کی، جہاں ہنڈی حوالہ کی رقم کی وصولی اور منتقلی میں مصروف دو ملزمان سمیر جاوید اور محمد عرفان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کی گاڑی کی تلاشی لینے پر تریسٹھ لاکھ روپے کی نقد رقم برآمد ہوئی، جبکہ قبضے میں لیے گئے موبائل فونز سے غیر قانونی مالیاتی سرگرمیوں کا تمام ریکارڈ مل گیا ہے۔ ایف آئی اے حکام نے ملزمان کے خلاف ایف آئی آر نمبر 03/2026 درج کر کے فارن ایکسچینج قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف مزید سخت کارروائیوں کا عزم ظاہر کیا ہے۔