امریکی فوج نکالو ورنہ ’کچل دینے والا‘ جواب ملے گا، ایران کی عرب ممالک کو بڑی دھمکی
مشرقِ وسطیٰ میں جاری شدید تنازع کے دوران ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے سیاسی شعبے کے نائب جنرل یداللہ جوانی نے عرب ریاستوں کو سخت ترین الفاظ میں وارننگ جاری کر دی ہے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی جنرل نے عرب ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی حدود سے امریکی فوجی دستوں اور اڈوں کا فوری خاتمہ کریں، بصورت دیگر تہران کی جانب سے انہیں انتہائی ہولناک اور ‘کچل دینے والے’ فوجی ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ایرانی حکام نے خاص طور پر کویت، بحرین اور اردن کا نام لیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر ان کی سرزمین پر امریکی عسکری موجودگی برقرار رہی تو یہ ممالک ایران کے ممکنہ جوابی حملوں کے براہِ راست نشانے پر ہوں گے۔ ایران کا مؤقف ہے کہ خطے میں قائم امریکی فوجی تنصیبات اس کی قومی سلامتی کے لیے ایک بہت بڑا خطرہ ہیں، اس لیے عرب حکومتوں کو واشنگٹن کا ساتھ دینے سے باز رہنا چاہیے اور اپنی دفاعی پالیسیوں پر نظرِ ثانی کرنی چاہیے۔
دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ تہران کی جانب سے ایک ایسے وقت میں سامنے آنے والی کھلی دھمکی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان فوجی تصادم عروج پر ہے۔ کویت، بحرین اور اردن طویل عرصے سے واشنگٹن کے اہم ترین اتحادی رہے ہیں جہاں امریکی بحریہ اور فضائیہ کے بڑے مراکز قائم ہیں، لہٰذا ان اڈوں پر کسی بھی ممکنہ ایرانی حملے کی صورت میں مشرقِ وسطیٰ کی یہ جنگ کئی دیگر ممالک تک پھیل کر پوری عالمی سلامتی کو داؤ پر لگا سکتی ہے۔
