راشد منہاس شہید کی مزار پر پروقار تقریب پاک فضائیہ کا خراجِ عقیدت

Rashid minhas

کراچی: نشانِ حیدر حاصل کرنے والے عظیم ہیرو پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کی مزار پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں ائیر آفیسر کمانڈنگ سدرن ائیر کمانڈ، ائیر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے راشد منہاس شہید کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے شہید کی لازوال قربانی کو سلامِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر شہید کے عظیم کارنامے اور وطن کے دفاع کے لیے ان کی بے مثال قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

راشد منہاس شہید نے مادرِ وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے تاریخِ پاکستان میں ایک لازوال مقام حاصل کیا۔ ان کی جرات، بہادری اور عزمِ شہادت آج بھی پاک فضائیہ کے شاہینوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

WhatsApp Image 2026 09 07 at 10.41.09 AM

تقریب میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، اور ان کی روشن داستانیں آنے والی نسلوں کو وطن سے محبت اور دفاعِ پاکستان کا درس دیتی رہیں گی۔

پاک فضائیہ کے سربراہ کی جانب سے بھی راشد منہاس شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔

پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اس موقع پر شہید کے جذبۂ شہادت، شجاعت اور وطن سے بے لوث محبت کو سلام پیش کیا۔