میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا اسپنسر آئی ہسپتال کا دورہ، جدید طبی سہولیات کی فراہمی کا عزم

610bee957c497

کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اسپنسر آئی ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔

دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اسپنسر آئی ہسپتال کراچی کے شہریوں کے لیے آنکھوں کے علاج کا ایک انتہائی اہم طبی ادارہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر معیاری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) کی اولین ترجیح ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کے ایم سی کے زیرِ انتظام چلنے والے تمام ہسپتالوں کو اب جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسپنسر آئی ہسپتال کو بھی جدید طبی آلات سے آراستہ کرنے کا عمل جاری ہے تاکہ یہاں آنکھوں کے علاج کی جدید ترین سہولیات میسر ہوں اور اس ادارے کی استعداد کار میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔

میئر کراچی نے مزید کہا کہ عوام کے ٹیکس سے قائم ہونے والے اداروں کو حقیقی معنوں میں عوامی خدمت کے مراکز بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ کے ایم سی کے ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے اور مریضوں کو اچھا ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔