خیبرپختونخوا پولیس کا جدید اقدام: اب بٹوے میں لائسنس رکھنے کی ضرورت ختم
خیبرپختونخوا پولیس نے صوبے بھر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیتے ہوئے باقاعدہ طور پر "ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس” متعارف کروا دیا ہے، جس کے بعد شہریوں کے لیے اصل لائسنس جیب، بٹوے یا گاڑی میں ساتھ رکھنے کا جھنجھٹ ہمیشہ کے لیے ختم ہو گیا ہے۔ اس جدید اقدام کے تحت اب شہری اپنے موبائل فون میں موجود مخصوص ایپلی کیشن کے ذریعے ٹریفک اہلکاروں کو آن لائن لائسنس دکھا سکیں گے، جس پر کسی قسم کا جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا۔ صوبائی پولیس کی "رابطہ ایپ” پر شہری جیسے ہی اپنا قومی شناختی کارڈ (CNIC) نمبر درج کریں گے، ان کا الیکٹرانک یا ای لائسنس سیکنڈوں میں موبائل اسکرین پر نمودار ہو جائے گا۔
شہریوں کی سہولت کے لیے چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) پشاور ڈاکٹر محمد زاہد نے دارالحکومت کے تمام ٹریفک وارڈنز اور اہلکاروں کو واضح احکامات جاری کر دیے ہیں کہ وہ اس موبائل "ای لائسنس” کو مکمل قانونی دستاویز تصور کریں اور اسے دکھانے والے شہریوں کے خلاف کوئی چالان یا تادیبی کارروائی نہ کی جائے۔ سی ٹی او پشاور ڈاکٹر محمد زاہد کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء ٹریفک پولیس کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عوام کو سہولیات کی تیز ترین فراہمی کی جانب ایک سنگِ میل ہے۔ اس ڈیجیٹلائزیشن سے نہ صرف شہریوں کا قیمتی وقت بچے گا بلکہ ٹریفک پولیس کی کارکردگی اور شفافیت میں بھی نمایاں بہتری آئے گی
