لودھراں: ڈی پی او بینش فاطمہ کا کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان، جرائم پیشہ عناصر کو آخری وارننگ
لودھراں کی نئی تعینات ہونے والی ڈی پی او بینش فاطمہ نے محکمے میں کالی بھیڑوں اور ضلع بھر کے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کے لیے کمر کس لی ہے۔ انہوں نے واضح اور دوٹوک الفاظ میں کرپشن کے خلاف بڑے ایکشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس محکمے یا ضلع میں بدعنوانی کی قطعاً کوئی گنجائش نہیں ہے، اور جو کوئی بھی کرپشن میں ملوث پایا گیا اسے رعایت دینے کے بجائے سیدھا جیل بھیجا جائے گا۔ ڈی پی او بینش فاطمہ کا کہنا تھا کہ لودھراں میں امن و امان کا قیام، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور اسٹریٹ کرائم کو جڑ سے اکھاڑنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں موٹرسائیکل چھیننے کی وارداتوں، مویشی چوری اور منشیات فروشی کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا جائے گا، جبکہ اسلحے کی نمائش پر زیرو ٹولرنس پالیسی اپناتے ہوئے قانون ہاتھ میں لینے والوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔
