عمران خان کے ساتھ عزت اور انسانی ہمدردی کا برتاؤ کیا جائے، ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری کرکٹر برائن لارا کا مطالبہ
کراچی: ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز اور لیجنڈری کرکٹر برائن لارا نے پاکستان کے سابق کپتان اور سابق وزیراعظم عمران خان کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے ان کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کو مناسب اور آزادانہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے ساتھ عزت، وقار اور انسانی ہمدردی کا برتاؤ کیا جائے۔
سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں برائن لارا نے کہا کہ اگرچہ کرکٹ کے میدان میں ان کی عمران خان سے صرف چند مرتبہ ہی ملاقات یا سامنا ہوا، لیکن ان کے دل میں عمران خان کے لیے احترام فوری اور ہمیشہ قائم رہنے والا تھا۔ انہوں نے عمران خان کو ان کے شاندار کرکٹ کیریئر کے عروج پر پاکستان کے لیے امید، فخر اور تحریک کی ایک عظیم علامت قرار دیا۔
برائن لارا نے واضح کیا کہ ان کی یہ اپیل سیاسی نوعیت کی نہیں ہے بلکہ یہ بنیادی انسانی ہمدردی کا معاملہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل کی دنیا کے ایک لیجنڈ کو وہ تمام طبی نگہداشت، عزت اور وقار ملنا چاہیے جس کے وہ حقدار ہیں۔
