اے این ایف کی بڑی کامیابی: پاکستان اور سری لنکا میں مشترکہ آپریشن، افغان سرغنہ سمیت 8 ملزمان گرفتار
راولپنڈی/کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) پاکستان کے تعاون سے افغانی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف کولمبو اور کراچی میں ایک بڑا مشترکہ آپریشن کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 671 کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) ضبط کر لی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، اے این ایف نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے جولائی 2026 میں کراچی بندرگاہ پر ایک کنٹینر سے 200 کلو گرام آئس برآمد کی اور اس نیٹ ورک کے افغان سرغنہ احسان اللہ سمیت دو کارندوں کو گرفتار کیا۔ ملزمان سے تفتیش کے بعد حاصل ہونے والی معلومات کو سری لنکن حکام اور امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن (ڈی ای اے) کے ساتھ شیئر کیا گیا۔

اے این ایف پاکستان کی فراہم کردہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر سری لنکن حکام نے کولمبو بندرگاہ پر کارروائی کرتے ہوئے 2 کنٹینرز سے مزید 471 کلو گرام آئس برآمد کی اور نیٹ ورک کے 6 کارندوں کو بھی حراست میں لے لیا۔ اس مشترکہ آپریشن کے دوران افغانستان سے اسمگل شدہ مجموعی طور پر 671 کلو گرام آئس ضبط کی گئی، جسے پاکستان کے راستے بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچایا جانا تھا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق، فورس نے اس پورے آپریشن میں مرکزی کردار ادا کرتے ہوئے جدید حکمت عملی کے ذریعے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا، جسے سری لنکن حکام اور امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے سرکاری سطح پر سراہا گیا ہے۔ اے این ایف نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کو منشیات سے پاک بنانے اور عالمی اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

