بی آئی ایس پی مستحقین کو سہولیات کی فراہمی: چیئرپرسن روبینہ خالد کی چیف سیکریٹری سندھ سے اہم ملاقات، مکمل تعاون کی یقین دہانی

WhatsApp Image 2026 09 08 at 10.48.23 AM

کراچی: بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے کراچی میں چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ سے ملاقات کی ہے، جس میں صوبے کے اندر پروگرام کو درپیش مختلف انتظامی اور عملی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران صوبے میں بی آئی ایس پی کے آپریشنز کو مؤثر اور بلاتعطل بنانے کے لیے مختلف امور پر غور کیا گیا۔ چیئرپرسن روبینہ خالد نے اس بات پر زور دیا کہ پروگرام کے تحت جاری اقدامات پر مؤثر عملدرآمد کے لیے صوبائی حکومت کا تعاون اور سہولت کاری انتہائی ضروری ہے۔

WhatsApp Image 2026 09 08 at 10.48.22 AM

چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے بی آئی ایس پی کو سندھ حکومت کی جانب سے مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت وفاقی پروگرام کو درپیش تمام انتظامی و عملی رکاوٹیں دور کرنے کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی اور اس سلسلے میں متعلقہ محکموں کو مکمل سہولت کاری کی ہدایت کی جائے گی۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مستحقین تک امداد اور دیگر سہولیات کی شفاف اور مؤثر فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان قریبی رابطہ ناگزیر ہے، اور اس مقصد کے لیے باہمی تعاون کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔