امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دعویٰ : ایران کے خلاف امریکی کامیابی کے بعد پیٹرول ریکارڈ سستا ہوگا.
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی فتح کے بعد عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں انتہائی تیزی سے کمی آئے گی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ جنگ میں کامیابی کی صورت میں پیٹرول کی قیمت 3 ڈالرز فی گیلن تک گر جائے گی، جبکہ بعد میں اس کے مزید کم ہو کر 2 ڈالرز فی گیلن سے بھی نیچے آنے کا قوی امکان ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ قیمتوں میں یہ کمی غیر معمولی حد تک تیز ہوگی۔ امریکی صدر نے اپنے دیرینہ مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے ایک بار پھر عزم ظاہر کیا کہ ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے۔
دوسری جانب، صدر ٹرمپ کے اس بیان کے برعکس عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے۔ مشرقِ وسطیٰ میں جاری شدید کشیدگی اور عالمی سطح پر تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کی وجہ سے تیل کی قیمتیں مسلسل اوپر جا رہی ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق، برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 34 سینٹ (0.35 فیصد) اضافے کے ساتھ 97.34 ڈالرز فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح، امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت میں بھی 1.15 ڈالر (1.26 فیصد) کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد وہ 92.63 ڈالرز فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔
