کراچی: عزیزآباد میں گودام لوٹ کر فرار ہونے والے 3 ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک
کراچی: کراچی کے علاقے خواجہ اجمیر نگری میں شاہین فورس اور تیموریہ پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں 3 ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ ان کا چوتھا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس مقابلے سے چند لمحے قبل ملزمان نے عزیز آباد میں ایک تاجر کے کنفیکشنری گودام کو نشانہ بنایا تھا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرِ عام پر آ گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق، چار مسلح ملزمان نے حسین آباد اور عزیز آباد کی حدود میں واقع ایک گودام میں تاجر سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی اور موبائل فونز چھینے اور فرار ہو گئے۔ واردات کے فوری بعد متاثرہ شہری نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکوؤں کا پیچھا کیا اور تیموریہ کی حدود میں گشت پر مامور شاہین فورس کے جوانوں کو واقعے کی اطلاع دیتے ہوئے مدد طلب کی۔
شہری کی نشاندہی پر شاہین فورس اور تیموریہ پولیس کے جوانوں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزمان کا تعاقب شروع کیا۔ آئی فون کی لوکیشن اور تکنیکی معلومات کی مدد سے پولیس نے ملزمان کو خواجہ اجمیر نگری کی حدود میں گھیر لیا، جہاں دونوں جانب سے آمنا سامنا ہو گیا۔
گرفتاری سے بچنے کے لیے مسلح ڈاکوؤں نے پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، تاہم پولیس کی جانب سے کی گئی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں تینوں ڈاکو شدید زخمی ہو کر موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کا ایک ساتھی فرار ہو گیا۔ ہلاک ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، موٹر سائیکل اور تاجر سے لوٹی گئی رقم و موبائل فونز برآمد کر لیے گئے ہیں۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے فرار ملزم کی تلاش اور ہلاک ڈاکوؤں کے کرائم ریکارڈ کی چھان بین شروع کر دی ہے۔
