برطانیہ فلائٹ آپریشن متاثر: صدر آصف زرداری کی پاکستان واپسی تاخیر کا شکار
لندن : صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کو آج الصبح برطانیہ کے دورے کے بعد پاکستان واپس آنا تھا لیکن برطانیہ کے ایئر پورٹس پر ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم میں اچانک پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی کے باعث پروازوں کا پورا شیڈول شدید متاثر ہوا ہے جس کے باعث صدر پاکستان کی پرواز بھی تاخیر کا شکار ہے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری آج ہی ملک کے لیے روانہ ہوں گے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق نیشنل ایئر ٹریفک سروسز (NATS) کے فلائٹ پروسیسنگ سسٹم میں تکنیکی خرابی سامنے آئی ہے، جس نے برطانیہ کے کئی بڑے ایئر پورٹس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ اس خرابی کے باعث ہیتھرو، گیٹ وِک، مانچسٹر، اسٹینسٹیڈ، لندن، ایڈنبرا، لوٹن، برمنگھم اور گلاسگو ایئر پورٹس پر پروازیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں اور روانہ ہونے والی سیکڑوں پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صرف ہیتھرو ایئر پورٹ پر تقریباً 100 پروازیں منسوخ اور 367 تاخیر کا شکار ہوئیں، جبکہ گیٹ وِک ایئر پورٹ پر بھی تقریباً 250 پروازوں کی روانگی میں تاخیر دیکھی گئی۔ اس بڑی خرابی کے بعد لندن کے فلائٹ انفارمیشن ریجن میں آمد و روانگی کی پروازوں کو محدود کر دیا گیا ہے اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایئر پورٹ روانگی سے قبل اپنی پرواز کی موجودہ صورتحال لازمی چیک کریں۔
دوسری جانب برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تکنیکی خرابی کے باوجود برطانوی فضائی حدود کھلی ہیں اور پروازوں کا سلسلہ جاری ہے، تاہم معمول بحال ہونے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ این اے ٹی ایس کے انجینئرز سسٹم کو دوبارہ فعال کرنے اور مسئلہ حل کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مصروفِ عمل ہیں۔
