گوجرانوالہ زون میں ایف آئی اے کی بڑی کارروائی؛ انسانی اسمگلنگ میں ملوث 14 ملزمان گرفتار
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (FIA) گوجرانوالہ زون نے انسانی اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف مقدمات میں ملوث 14 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، یہ کامیاب کارروائیاں گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ سرکلز نے گزشتہ چار روز کے دوران انجام دیں۔ زونل بریک ڈاؤن کے مطابق، گوجرانوالہ سرکل نے 8 ملزمان، گجرات سرکل نے 3 جبکہ سیالکوٹ سرکل نے بھی 3 ملزمان کو حراست میں لیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق، گرفتار کیے گئے ملزمان میں حامد امین، رضوان اصغر، دلاور حسین، محمد عنایت، محمد علی، ارسلان شہزاد، محمد جمشید، ساجد، محمد اعجاز، انجم تابیر، انصار اقبال، مرزا سمیع اللہ، محمد شبیر اور احسان مسیح شامل ہیں۔ ان ملزمان کے خلاف انسانی اسمگلنگ اور سادہ لوح شہریوں کو بیرونِ ملک ملازمتوں کے جھانسے دے کر رقوم بٹورنے کے الزامات کے تحت مقدمات درج تھے، جن پر مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
