لاہور: خاوند کی غیر موجودگی میں خاتون سے قریبی رشتہ دار کی مبینہ جنسی زیادتی، مقدمہ درج
صوبائی دارالحکومت لاہور میں شوہر کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک خاتون کو ان کے قریبی رشتہ دار کی جانب سے مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے متاثرہ خاتون کی درخواست پر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب متاثرہ خاتون گھر پر اکیلی تھیں اور ان کے شوہر کسی کام سے باہر گئے ہوئے تھے۔ اس دوران ان کے ایک قریبی رشتہ دار نے گھر میں داخل ہو کر خاتون کو مبینہ طور پر حوس کا نشانہ بنایا۔
متاثرہ خاتون کی جانب سے متعلقہ تھانے میں تحریری درخواست جمع کرائی گئی ہے، جس کی روشنی میں پولیس نے نامزد ملزم کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کا طبی معائنہ (میڈیکل ٹیسٹ) کرایا جا رہا ہے تاکہ شواہد اکٹھے کیے جا سکیں، جبکہ واقعے کے بعد سے فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملزم کو جلد حراست میں لے کر قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔
