ایف بی آر کا تاجر برادری کو بڑا ریلیف، 83 ارب روپے کے ریفنڈز اور 43 ارب کے ری بیٹس ادا کرنے کا فیصلہ
کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تاجر برادری اور ملک کے صنعتی شعبے کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کیا ہے۔ چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کی جانب سے تاجروں کو 83 ارب روپے کے ریفنڈز اور 43 ارب روپے کے ری بیٹس ادا کرنے کا اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ اہم اعلان چیئرمین ایف بی آر اور ان کی ٹیم نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے موقع پر کیا۔ ملاقات میں ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں کی قیادت میں تاجر برادری کے سینئر عہدیداروں نے شرکت کی، جہاں معاشی اور کاروباری مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے تاجر برادری کو یقین دہانی کروائی کہ صنعتی اور کمرشل امپورٹرز کے درمیان موجود تفریق کو جلد ختم کر دیا جائے گا۔ تاجر برادری نے ایف بی آر کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اربوں روپے کے ریفنڈز کی ادائیگی سے مارکیٹ میں سرمائے کی روانی بڑھے گی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
