این سی سی آئی اے نے امام الحق اور محمد رضوان کو طلب کرلیا

441827 7814099 updates

لاہور: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ڈریسنگ روم کی معلومات مبینہ طور پر لیک ہونے کے معاملے پر قومی کرکٹرز کو طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کھلاڑیوں کے موبائل فونز اپنے قبضے میں لے کر متعلقہ تحقیقاتی اداروں کو بھجوا دیے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ این سی سی آئی اے نے اسٹار بلے باز محمد رضوان اور اوپنر امام الحق سمیت تین کرکٹرز کو باقاعدہ نوٹسز جاری کیے ہیں۔ یہ نوٹسز پیر کے روز جاری کیے گئے تھے، جس کے تحت دونوں کھلاڑیوں کو کل بروز جمعہ این سی سی آئی اے لاہور کے دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی سی بی کی جانب سے تاحال کرکٹرز کے موبائل فونز قبضے میں لینے کی کوئی واضح وجہ بیان نہیں کی گئی ہے۔

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ پیشی کے دوران دونوں کرکٹرز سے ان کے موبائل فونز ان لاک کروائے جائیں گے اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران ڈریسنگ روم کی معلومات مبینہ طور پر باہر بھیجنے (لیکس) کے حوالے سے تفصیلی انویسٹی گیشن کی جائے گی۔ ایجنسی موبائل فونز سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کی بنیاد پر تفتیش کو آگے بڑھائے گی۔