نوجوانوں کو تمباکو اور نکوٹین سے بچانے کے لیے والدین کا کردار ناگزیر ہے: ماہرینِ صحت

441916 6559069 updates

کراچی: انٹرپرینیورشپ اینڈ یوتھ ڈیولپمنٹ سوسائٹی (EYDS) نے والدین، سرپرستوں اور اساتذہ پر زور دیا ہے کہ وہ نوجوان نسل کو تمباکو اور نکوٹین کی نقصان دہ مصنوعات سے دور رکھنے اور ان تک ان اشیاء کی آسان رسائی کو روکنے کے لیے اپنا فعال اور باخبر کردار ادا کریں۔

یہ اہم مطالبات ای وائے ڈی ایس کے زیرِ اہتمام شروع کیے گئے "یوتھ ایکسس پریوینشن انیشی ایٹو” (YAP) کے تحت "یوتھ ایٹ ہوم” کے عنوان سے منعقدہ ایک خصوصی میڈیا نشست کے دوران سامنے آئے。 اس تقریب میں گھر کے محفوظ ماحول، خاندانی تربیت اور بچوں کی ذہنی و جسمانی نشوونما پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

میڈیا نشست سے خطاب کرتے ہوئے ای وائے ڈی ایس کی نائب صدر شائستہ عائشہ نے کہا کہ نوجوانوں کو ایسی مضرِ صحت مصنوعات کے چنگل سے بچانا ہم سب کی مشترکہ سماجی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ والدین اپنے بچوں کے روزمرہ کے ماحول، ان کے دوستوں کی صحبت اور پڑوس کے اثرات پر گہری نظر رکھ کر اور ان کے ساتھ دوستانہ و تعمیری گفتگو کا سلسلہ قائم رکھ کر اس حساس مہم میں بنیادی اور حفاظتی کردار ادا کر سکتے ہیں۔