ایشین گیمز: پاکستانی گھوڑے ایڈن ڈو ویریٹ کو ٹوکیو روانگی کا گرین سگنل، 70 روزہ قرنطینہ مکمل
اسلام آباد: پاکستان ایکویسٹریئن (گھڑ سواری) ٹیم کے اہم ترین گھوڑے ’’ایڈن ڈو ویریٹ‘‘ کو ایشین گیمز کے مقابلوں میں شرکت کے لیے ٹوکیو روانگی کی حتمی سرکاری اجازت مل گئی ہے۔
پاکستان کے نامور ایکویسٹریئن ایتھلیٹ عثمان خان کے مطابق، قومی اسکواڈ کا یہ اہم گھوڑا 14 ستمبر کو فرانس سے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے لیے پرواز کرے گا، جہاں اس کی آمد 15 ستمبر کو متوقع ہے۔ انٹرنیشنل سینیٹری پروٹوکولز کے تحت ایڈن ڈو ویریٹ کا فرانس میں 60 روزہ منظور شدہ قرنطینہ کامیابی سے مکمل کرایا گیا، جس کے بعد اس نے جرمنی میں بھی 10 روزہ پری ایکسپورٹ (روانگی سے قبل) قرنطینہ کی مدت پوری کی۔ گھوڑے نے بین الاقوامی قوانین کے مطابق مجموعی طور پر 70 روزہ سخت قرنطینہ کا عمل مکمل کیا ہے۔
عثمان خان نے مزید تصدیق کی ہے کہ ایشین گیمز کے ایکویسٹریئن مقابلوں کے لیے گھوڑے کے تمام طبی اور سکریننگ ٹیسٹ کے نتائج مکمل طور پر منفی (کلیئر) آئے ہیں۔ جاپان میں شیڈول ان بڑے مقابلوں کے لیے ایڈن ڈو ویریٹ کی روانگی کو فول پروف بنانے کے لیے متعلقہ حکام نے روانگی سے قبل کا
72 گھنٹے کا حتمی تیاری پلان باقاعدہ فعال کر دیا ہے تاکہ سفر کے دوران اور جاپان پہنچنے پر گھوڑا سو فیصد فٹ رہے۔
